مرکز
1 2 3

سیاحت برائے صحت

آیورویدک وکیشنس انسان کوسفر کے دوران پُر سکون رہ کر اپنی صحت پر توجہ مرکوزکرنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔

آیوروید سنسکرت زبان کا لفظ ہے جس کا مطلب زندگی کی معلومات ہے۔ آیوروید مجموعی طبّی ادویات کے طور پر دنیا کاسب سے قدیم ترین طرز علاج ہے جو ۳ ہزار برس پہلے انڈیا میں دریافت ہوا۔ اور یہ آج بھی ملک کے سب سے اہم طبّی نظاموں میں سے ایک ہے۔ اس کے بہت سے طریقوں جیسے ہربل رمیڈیز(جڑی بوٹیوں کی مدد سے علاج)،   مِنرل تھیراپیز(معدنی اجزا کی مدد سے علاج)  اور  انرجی بیلنیسنگ(انسانی جسم میں توانائی کا توازن قائم رکھ کر اسے صحت مند رکھنا ) کو مغربی مجموعی طبّی نظام نے بھی اپنالیاہے ۔ 

آیورویدک طرز علاج کے لئے چھٹیاں لینے کا رحجان امریکہ میں تیزی کے ساتھ بڑھ رہا ہے ۔ اسے مغربی ممالک کی مجموعی طریقہ طب اور مشرقی طریقہ علاج میں گہری دلچسپی کی روش کی قدرتی توسیع بھی کہا جا سکتا ہے۔یہی وجہ ہے کہ آیورویدک طرز علاج کے لئے چھٹیوں میں سفر اور آرام کو یکجا کرنے کا چلن بڑھ رہا ہے

 کیوں کہ مشترکہ طور پر یہ چیزیں زندگی تبدیل کرنے والے تجربات سے رو برو کرواتی ہیں ۔ ایسی چھٹیاں سیّاحوں کو نہ صرف اپنی معمول کی زندگی سے ہٹ کر کچھ الگ کرنے کی مہلت دیتی ہیں بلکہ یہ ملک کے نئے علاقوں کو جاننے کا موقع فراہم کرنے کے ساتھ صحت کو بھی بہتر بناتی ہیں ۔ آیورویدک ادویات کی تعلیم کہتی ہے کہ ان کے اصول اس وقت تک انسان کو صحت مند بنائے رکھتے ہیں جب تک ان پر عمل درآمد جاری رہتا ہے۔ اس طور پرچھٹیوں کے دوران علاج سے حاصل فائدوں کا لطف سفر ختم ہونے کے بہت بعد تک اٹھایا جا سکتا ہے۔ 

گرچہ الرجی ، ذیا بیطس ، موٹاپا ، ذہنی دباؤ اور پست حوصلگی جیسی بیماریوں کے علاج کا اثر مختلف ہو سکتا ہے ۔ مگر آیوروید کا تمام طریقۂ علاج عام طور سے جسم، خواہشات اور ذہن کے درمیان توازن قائم کرنے میں مدد گار ثابت ہوتا ہے۔آیورویدک طرز علاج کے لئے چھٹیاں لینے کا فلسفہ یہ ہے کہ اس دوران توجہ علاج پر مرکوز ہوتی ہے تاکہ علاج کے بعد اچھی صحت کے لئے نئے سرے سے شروعات کی جا سکے اور پھر چھٹیاں ختم ہونے کے بعد نئی معلومات اور طریقوں کو اپنے روزانہ کے معمول میں شامل کرکے علاج سے پیدا ہوئے توازن کو آگے بھی برقرار رکھا جا سکے۔ 

امریکہ میں آیوروید ک طرز علاج کے لئے چھٹیاں لینے کی روش کو مقبول بنانے میں دو مقامات سب سے آگے ہیں ۔ ان میں ریاست آئیووا کے فیئر فیلڈ میں واقع  دی راج اوتھینٹک آیوروید ہیلتھ اسپا  اور ریاست فلوریڈا کے الاچوا میں واقع  آیوروید ہیلتھ ریٹریٹ  شامل ہیں ۔ 

دی راج

 ۱۹۹۳ ء میں شروع ہونے کے بعد دی راج جلد ہی امریکہ میں آیوروید ک علاج کا سب سے اہم مرکز بن گیاہے۔گرچہ امریکی ریاست آئیووا انڈیا سے بہت دور ہے لیکن یہاں پر  دی راج کو قائم کرنے کا فیصلہ بہت غور و فکر کے بعدکیا گیا ۔ 

ریاست آئیووا کے شہر فیئر فیلڈ میں ہی مہارشی یونیورسٹی آف مینیجمینٹ  اور مہارشی کالج آف کنشسنیس بیسڈ ہیلتھ کیئر واقع ہے۔دی راج کے آغا ز سے پیشتر ۱۹۹۰ ء میں ہالینڈ میں ایک بین الاقوامی کانفرنس ہوئی تھی جس میں آیوروید کے ماہرین نے مہارشی آیوروید کو بنیاد بنا کر بیماریوں کی روک تھام کے لئے  مایو کلینک کھولنے پر غور و خوض کیا تھا۔کیوں کہ آیوروید کے میدان میں تحقیق کا تمام کام مہارشی یونیورسٹی آف مینیجمینٹ کر رہا تھا ، اسی لئے یہ فیصلہ کیا گیا کہ فیئر فیلڈ شہر اس منصوبے کے لئے مثالی جائے قیام ثابت ہوگا ۔

دی راج  وسیع طور پر علاج اور تعلیم کے لئے مختلف متبادل پیش کر تا ہے۔آیوروید ہیلتھ کنسلٹنٹ سے ملاقات کے ساتھ ہی علاج کی شروعات ہو جاتی ہے جو آنے والے مریضوں کو  مہارشی آیوروید پَلس اسسمنٹ کے ذریعہ ان کی ضرورت اور صحت کی سطح کا اندازہ لگاتا ہے۔یہ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے تسلیم شدہ قدیم تشخیصی تکنیک ہے جو جسم میں عدم توازن کی شناخت اور اس کے مطابق علاج طے کرنے میں مدد کرتی ہے۔

علاج کے تمام طریقے انفرادی ضرورت کی تکیمل کے مد نظر تیار کئے گئے ہیںجن میں دو سے تین گھنٹے کا وقت لگتا ہے ۔اس دوران مالش اور صفائی کے علاوہ مشورے بھی دئے جاتے ہیں ۔ کھانا آیوروید طریقہ علاج کا لازمی حصہ ہے ۔ اس لئے دی راج  میں کھانے میں سبزیوں پر مبنی نامیاتی خوراک ہی دی جاتی ہے۔دن میں دو بار یوگ کی کلاس ہوتی ہے جن میں زور کامل ورزش پر نہیں بلکہ ایسی ورزشوں کے سیکھنے پر دیا جاتا ہے جن کو گھر پر بھی کیا جا سکے۔ 

آیوروید ہیلتھ ریٹریٹ

ریاست فلوریڈا کے شہر الاچوا  میں واقع  آیوروید ہیلتھ ریٹریٹ  کا نقطۂ نظر بھی وہی ہے جو  دی راج  کا ہے۔اس کا مشن یوگ اور آیوروید کی حکمت کو شفایابی ، محبت ، تبدیلی اور خدمت کے جذبے کے ساتھ لوگوں تک پہنچانا ہے۔ اسے رچرڈ مسلا نے ۲۰۰۱ ء میں قائم کیا ۔یہاں نفسیاتی ماہرین ، مالش کرنے والوں/والیوں ، ری کی ہیلرس (لفظ   ری کی جاپانی لفظ  ری  اور چینی لفظ  کی سے مل کر بنا ہے ۔  ری کا مطلب روحانی اور  کی کا مطلب اہم توانائی ہوتا ہے۔اس طریقہ علاج میں معالج  مریض کے جسم یا متاثرہ حصے پر ہاتھ رکھ کر اس کا علاج کرتا ہے)، یوگ اور مراقبہ سکھانے والے معلموں کی خدمات پیش کرتا ہے۔ یہاں مریض کو اس کی ضرورت کے اعتبار سے اختتام ہفتہ یا ۲۱ روز پر مبنی پروگرام کی پیش کش کی جاتی ہے۔ مریض اپنی سہولت اور ضرورت کے اعتبار سے ان میں سے کسی کا انتخاب کرتا ہے۔یہ مرکز کسی کو بھی اپنا طرز زندگی بحال کرنے کی صلاحیت حاصل کرنے کے قابل بنانے کے لئے جانا جاتا ہے۔ یہاں کوشش اس بات کی کی جاتی ہے کہ مریضوں کو ان کی صحت کا بہتر خیال رکھنے کے اقدام اور طریقوں کو سکھایا جائے۔ مسلا اس سلسلے میں کہتے ہیں ’’ آیوروید میں زندگی کو مکمل طور پر تبدیل کر دینے کی سائنس شامل ہے مگر بہت سے لوگ اپنی صحت کی بجائے اپنی گاڑیوں کی صحت کا بہتر طور پر خیال رکھ لیتے ہیں ۔‘‘

آیوروید کی مدد سے علاج کے لئے چھٹیاں لے کر اس جگہ کا دورہ ممکن ہے جو مسافر کو یاد دلاتا ہے کہ زندگی میں سب سے اہم کیاہے۔

نتاشا مِلاس نیویارک شہر میں مقیم ایک آزاد پیشہ صحافی ہیں ۔ 

 

تبصرہ کرنے کے ضوابط