مرکز

پہنے جا سکنے والے مدافعتی آلے

کاروباری پیشہ ور کرسٹی گوریناس ڈفینڈیبلس کی مدد سے عورتوں کے لیے اپنی حفاظت کو آسان بنانے کا سامان کر رہی ہیں ۔ 

جب کرسٹی گوریناس نے   ڈفینڈیبلس کی بنیاد رکھی اس وقت ان کا مشن ذاتی تھا۔ ان کی کمپنی اپنی حفاظت کے لیے پہنی جا سکنے والی مصنوعات فروخت کرتی ہے جس میں سب سے تیز مرچ کا اسپرے بھی شامل ہے۔ وہ بتاتی ہیں ’’۱۹ برس کی عمر میں جب میں جنسی حملے میں بچ گئی تھی ، اس وقت سے لے کر اب تک جب کہ میں ۵ بچوں کی ماں ہوں ، میں کوئی ایسی چیز چاہتی تھی جو برے حالات میں صنف نازک کی حفاظت کرنے میں مددگار ثابت ہو۔ ‘‘

یہ ذاتی ہدف اب عالمی ہو گیا ہے کیوں کہ  گوریناس  نے ۲۰۱۷ ء میں حیدرآباد میں منعقد ہوئی عالمی کاروباری پیشہ وری کی چوٹی کانفرنس کے  جِسٹ کٹیلِسٹ پِچ کمپٹیشن  میں دوسرا مقام حاصل کیا ۔سرمایہ کاروں سے راست ملاقات کا موقع دستیاب ہونے کے علاوہ مقابلے سے  گوریناس کو ۲۰ ہزار ڈالر کی مالیت کا  گوگل کلاؤڈ کریڈٹ  ، ۵ ہزار ڈالر کی مالیت کا امیزون کریڈٹ  اورایک  ڈیل لیپ ٹاپ ملا جو خواتین کے لیے کام کرنے کے اعتراف کے طور پر ڈفینڈیبلس کو دیا گیا ۔ 

 گوریناس کا کہنا ہے ’’ مذکورہ اجلاس میں شرکت کا ان کا تجربہ غیر معمولی تھا۔ کانفرنس کا تنوع اور جن نئی زبانوں کو میں نے وہاں سنا وہ دونوں چیزیں حیرت انگیز تھیں۔ تمام ممالک سے تعلق رکھنے والے وفود کے ساتھ شاہی برتاؤ کیا گیا۔چند دنوں میں ہی میں نے ان ممالک کی زرخیز ثقافت کا تجربہ کر لیا ۔ حیدرآباد میں دوران قیام میں نے سرمایہ کاروں اور کاروباریوں کے ساتھ کئی کانفرنسوں میں شرکت کی ۔چوٹی کانفرنس کا معاملہ اس اعتبار سے بھی مختلف تھا کہ یہاں سرمایہ کار مواقع کی تلاش میں تھے اور ہر شریک کار کی کامیابی میں ان کی حقیقی دلچسپی نظر آتی تھی۔ ‘‘

گوریناس کو اس کانفرنس میں شرکت کرنے کا موقع اتفاقیہ طور پر ملا ۔ وہ بتاتی ہیں ’’اصل میں مَیں نے فیس بک پر ایوانکا ٹرمپ کی ایک پوسٹ دیکھی تھی جس میں کاروباریوں کو اس کانفرنس میں امریکی وفد کے طور پر چنے جانے کے لیے آن لائن درخواست دینے کو کہا گیا تھا۔میں سمجھتی ہوں کہ صرف امریکہ سے ۱۵ ہزار سے زیادہ لوگوں نے کانفرنس میں شرکت کے لیے درخواست دی تھی۔ ‘‘خواتین کی حفاظت میں ڈفینڈیبلس کے کردار کو سربراہی اجلاس میں تسلیم کیا گیا جب کہ کمپنی نے اپنی مصنوعات کو وسیع آبادی تک پہنچانے کے لیے انہیں تیار کیا ہے۔

گوریناس کا خیال ہے ’’ بد قسمتی سے حملہ آور امتیاز سے کام نہیں لیتا اور نوجوان بچے ، نو عمر نوجوان اور عورتیں ان کا سب سے بڑا نشانہ ہوتے ہیں ۔تاہم مرد بھی جسمانی طور پر حملے کا شکار ہوتے ہیں اور بزرگ بھی بڑا نشانہ ہوتے ہیں ۔‘‘جہاں تک بچوں کا تعلق ہے تو  گوریناس کی کمپنی ایسی مصنوعات تیار کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے جس میں مرچ کا اسپرے شامل نہ ہو۔ 

ڈفینڈیبلس پہننے کے لائق چھوٹے  پَوڈس بناتی ہے جو مرچ کے اسپرے کو ۳ سے ۶ فٹ کی دوری تک چھڑک سکتے ہیں ۔اسپرے چھوڑنے کے لیے دو بار میں کام کرنے والا ٹریگر شامل کیا گیا ہے تاکہ اسپرے کا اخراج غلطی سے نہ ہو۔ پَوڈ کا ڈیزائن ایسا ہے کہ اسے خفیہ طور پر آسانی سے پتلون، جوتے ، بلاؤز کے پٹے ، ٹوپی ، بیگ اور کار کے وائزر پر لگایا جا سکتا ہے۔مصنوعات میں مزید ترقی کے بعد  گوریناس اس میں گلوبل پوزیشننگ سسٹم  اور  ایمرجنسی نوٹیفیکیشن سسٹم بھی منسلک کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہیں جو  بلو ٹوتھ یا اسمارٹ ڈیوائس کے ساتھ جڑے بغیر کام کرتا ہو۔ تاہم وہ خبردار کرتی ہیں کہ اس خصوصیت سے کسی کے گھر والوں کو کسی مخصوص انسان کے محل و وقوع کی جانکاری تو ضرور مل جاتی ہے مگر مرچ اسپرے ایسی چیز ہے جو حملہ آور سے فوری طور پر تحفظ فراہم کرتا ہے۔ جلد ہی  ڈفینڈیبلس کی مصنوعات میں ۱۲۰  ڈیسی بیل الارم بھی شامل ہوگا جو ۶۰۰ سے زائد فٹ سے بھی سنا جا سکے گا اور جس سے حملہ آور وں کو ڈرانے میں مدد ملے گی۔ 

کاروباری پیشہ ور کے طور پر  گوریناس کا تجربہ طویل ہے۔ انہوںنے بچوں کے لیے مصنوعات تیار کرنے کی شروعات ۱۰ برس پہلے کی ۔ صارفین کے لیے انہوں نے آج بھی ایسی مصنوعات کے بارے میں غور و خوض کرنا جاری رکھا ہے جسے وہ خود بھی اپنی زندگی آسان بنانے کے لیے استعمال کرنے کا منصوبہ رکھتی ہیں ۔ انہوںنے ڈزنی سوشل میڈیا مَومس  تقریب میں اس موضوع پر بات کرنے کے علاوہ  کیپیٹال ہِل (جہاں امریکی کانگریس کے دفاتر کے علاوہ سپریم کورٹ بھی واقع ہے)میں بھی یہ مسئلہ اٹھایا ہے۔اس کے علاوہ انہوں نے امریکی کانگریس کے ممبران سے کاروبار ، جدت ، لائسنسِنگ اور پیٹنٹ کے موضوعات پر خطاب کیا ہے۔ 

ڈفینڈیبلس کے تعلق سے  گوریناس کے طویل مدتی مقصد میں  ہوم پارٹی کے تصور کو شروع کرنا شامل ہے جس میں خود کی حفاظت سے متعلق دفاعی مصنوعات پر تعلیمی سیشن اور صورت حال پر مبنی بیداری اور ذاتی حفاظت سے متعلق تربیت شامل ہوگی۔یہ پارٹی  ایس اے بی ای آر کے تیار کردہ  ہوم سیکوریٹی سسٹم کے ساتھ  ڈفینڈیبلس کی مصنوعات فروخت کرنے کے لیے پلیٹ فارم بھی فراہم کرے گا۔ واضح رہے کہ ایس اے بی ای آر وہ کمپنی ہے جو  ڈفینڈیبلس کے لیے مصنوعات تیار کرنے کے علاوہ انہیں تقسیم کرنے کا کام بھی کرتی ہے۔ 

گوریناس کا خیال ہے کہ وہ  ڈفینڈیبلس سے متعلق طویل مدتی عزائم کے حصول کی خاطر صحیح راستے پر ہیں ۔ان کا منصوبہ ہے کہ وہ مصنوعات کو سب سے زیادہ ضرورتمندوں، پناہ گزینوں ،کالجوں اور بے گھر افراد کو مفت فراہم کریں ۔ اور ہر وقت ذاتی حفاظت کے لیے تیار رہنے کے تئیں لوگوں میں بیداری پیدا کریں۔ 

ڈفینڈیبلس سے متعلق  گوریناس کے طویل مدتی ہدف کو حاصل کرنے کے وہ صحیح راستے پر ہیں، ان کا منصوبہ ان کی مصنوعات کوسب سے زیادہ ضرورتمندوں، پناہ گزینوں اور کالجوں اور بے گھر افراد کو مفت فراہم کرنا اورہر وقت خود کی حفاظت کے لئے تیار رہنے کی ضرورت کے بارے میں لوگوں میں بیداری پیدا کرنا ہے۔ 

کیری لو و ینتھل میسی نیو یارک شہر میں مقیم ایک آزاد پیشہ قلمکار ہیں ۔ 

 

تبصرہ کرنے کے ضوابط