مرکز
1 2 3

اسمارٹ فون: تفریح طبع اور سہولیات کا خزانہ

شاپ سیوی کے ذریعے خریداری یا کارڈیو ٹرینر کے ذریعے صحت کا خیال-آپ کی پسندیدہ ایپلی کیشن کون سی ہے؟


اسمارٹ فون کو ڈیجٹل دور کا سوئس آر می نائف(چاقو) کہا جاتا ہے ۔ اگر اسمارٹ فون ایک آلہ ہے توایپلی کیشنز چمٹی ،خلال ،کارک اسکریو، قینچی اور بلیڈ ہیں۔ ایپل کے آئی فون ایپ اسٹور میں ۳,۵۰,۰۰۰ ایپس(ایپلی کیشنز) دستیاب ہیں۔ یہاں سے آپ ضرورت کی تمام چیزیں چن سکتے ہیں۔ اینڈر ائڈ مارکیٹ پیچھے نہیں ہے، جیسا کہ گوگل کے سی ای او ایرک ایشمت نے فروری میں بار سیلونا ، اسپین میں موبائل ورلڈ میں اعلان کیا ہے کہ اینڈرائڈ فونس کے لئے اس وقت ۱,۵۰,۰۰۰سے زائد ایپلی کیشنز دستیاب ہیں۔

ایپلی کیشنز کا پھیلائو استعمال کنندہ کو ڈھیر سارا حوالہ جاتی مواد جیسے ٹی وی ، موسیقی، موسم کا حال ، نیوز یہاں تک کہ دنیا کا تفصیلی نقشہ بھی اپنے ساتھ لے کر گھومنے کی سہولت فراہم کرتا ہے ۔ ایسے ہر ایپلی کیشن کے مقابلے میں جس سے استعمال کنندہ کو ریستوراں کا پتہ لگانے یا سوڈوکو کھیلنے کی سہولت ملتی ہے ، ایسے متعدد ایپلیکیشنز بھی ہیں جو تفریح فراہم کرتے ہیں جیسے کہ ببل ریپ ایپ یا پیرا نارمل اسٹیٹ ای ایم ایف میٹر ۔ببل ریپ سے استعمال کنندہ کو یہ آسانی حاصل ہوتی ہے کہ وہ ببل ریپ کے شبیہ سازی ورق کو پاپ کریں ۔ ای ایم ایف میٹر استعمال کنندہ کو اس برقی مقناطیسی فیلڈس کا پتہ لگانے میں مدد دیتا ہے جس سے یہ ظاہر ہوجائے کہ بجلی کی کسی قریب یا دور کی لائن میں کوئی اسپرٹ موجود ہے ۔

آپ کے فون میں کون سا ایپ ہے ؟ میں مسلسل ایپس کی دکانوں کی تلاش میں رہی ہوں۔ دوستوں اور شریک کارکنوں سے مشورے لیتی رہی ہوں اور ۱س طرح میں نے اپنے فون کا برابر استعمال کرکے ۱۰ مقبول ترین ایپلی کیشنز کی فہرست تیار کی ہے ۔

اینگری برڈس : یہ مقبول ترین گیمس میں سے ایک ہے جس میں کچھ عجیب غریب چڑیاں قلعہ نما ڈھانچوں کی پناہ میں چھپے ہوئے گرین پگ نامی چڑیوں پر ، جنہوں نے ان چڑیوں کے انڈے چرا لئے ہیں، حملہ کرتی ہیں۔ گیم میں ان چڑیوں کو غلیل سے گرین پگ کی محفوظ پناہ گاہوں کی طرف داغا جاتا ہے ۔ اس کوشش میں نشانہ چوکتا ہے مگر سابقہ غلطی سے سبق لے کر پھر سے نشانہ لگانے کی استعمال کنندہ کی اہلیت کی آزمائش ہوتی ہے ۔ اس گیم کا نام سننے میں عجیب سا لگتا ہے لیکن تقریباً ۱۰۰ملین ڈائون لوڈس اور اس وقت اس کی فروخت کی گرم بازاری نے یقینا ثابت کیا ہے کہ یہ ایک ایپ پاور ہائوس ہے ۔ اس سوال پر کہ یہ اتنا پسندیدہ کیوں ہے مارک شیزر نے کہا کہ ’’یہ میرے لئے اور میرے سات سال کے بچے کے لئے چنوتیوں سے بھرا ہوا گیم ہے ۔ مجھے شیطانی چڑیوں کے گھونسلوں کو تباہ کرنے کے لئے ہوا میں اڑ کر حملہ کرتی ہوئی برہم چڑیوں کی آواز بہت اچھی لگتی ہے ۔‘‘

گوگل میپس: جب ریان کرٹ رائٹ سے پوچھا گیا کہ ان کا پسندیدہ ایپ کیا ہے تو انھوں نے مسکراتے ہوئے کہا ’’گوگل میپس۔‘‘پھر خود ہی سوال کرتے ہیں ’’کیا مجھے اس کی وضاحت کرنی چاہئے کہ کیوں ؟‘‘ اس ایپلی کیشن نے کاغذی نقشے کو قصۂ پارینہ بنا دیا ہے ۔ اس وقت یہ بازار میں دستیاب سب سے زیادہ کار آمد ایپ ہے ۔ گوگل میپ استعمال کرکے قریب ترین ریستوراں یا دکان کو تلاش کیا جاسکتا ہے ۔ ان لوگوں کے رابطے کے نمبر دیکھے جاسکتے ہیں اور ایپ سے ہی براہ راست انہیں فون بھی کیا جاسکتا ہے ۔ رابطہ قائم کرکے اپنی سیٹ ریزرو کرالینے کے بعد آپ جہاں ہوں وہیں سے ہدایت بھی حاصل کر سکتے ہیں۔ راستہ بھول جائیں تو آپ کو الگ جی پی ایس کی ضرورت نہیں ہے ۔

ویدر چینل ایپ : ویدر چینل موسم سے متعلق آپ کے تجربے کو اگلے مرحلے میں لے جاتا ہے ۔ پورے اسکرین پر نقشہ آجاتا ہے ۔ پہلے سے زیادہ بڑھی ہوئی موسمیاتی پیشین گوئی مل جاتی ہے اور موسم کے بارے میں چوکسی بھی دستیاب ہوتی ہے ۔ اس کے علاوہ بھی بہت کچھ ملتا ہے ۔ یہ جغرافیائی طور پر مقامی موسم کا حال بتانے والا ایپلی کیشن ہے جو آپ کو آپ کے اس وقت کے مقام کی بنیاد پر موسم کی خبر دیتا ہے ۔ لیکن آپ کو اگر کسی دوسرے شے یا کسی دوسرے مقام کے بارے میں اطلاع چاہئے تو شہر کا نام یا ریاست کا نام یا زپ کوڈ ٹائپ کریں ۔ آپ اگر کسی ایسے شہر میں ہیں جہاں کا موسم پل پل بدلتا رہتا ہے تو وہاں یہ ایپ بہت کار آمد ہے کیوں کہ تب آپ یہ فیصلہ کرسکتے ہیں کہ درختوں کے درمیان چہل قدمی کریں یا اپنے کمرے میں بیٹھ کر کوئی فلم دیکھتے رہیں ۔

شاپ سیوی:کیا کبھی ایسا ہوا ہے کہ آپ کسی ڈپارٹمنٹل اسٹور میں قطار میں کھڑے ہوں اور یہ سوچ رہے ہوں کہ وہ جو کھلونا /کتاب /ویڈیو گیم /یا کوئی بھی ایسی چیز جو آپ کے پاس ہونی چاہئے کسی اور جگہ یہاں سے کم میں مل سکتی ہے ؟ شاپ سیوی ایپ ہم میں سے ہر کسی کے اندر موجود سودے باز کو چھوتا ہے ۔ جیسا کہ شیکٹر نے بتایا کہ ’’اس ایپ سے استعمال کنندہ کو یہ بات یقینی بنانے کی سہولت ملتی ہے کہ وہ کسی اسٹور سے جو سامان خرید رہا ہے اس کی خریداری اچھا سودا ہے یا نہیں ۔ یہ ایپلی کیشن اس مخصوص سامان کے بار کوڈ کو اسکین کرتا ہے اور استعمال کنندہ کو بتا دیتا ہے کہ آس پاس کی دیگر دکانوں اور آن لائن دکانوں میں اس کی کیا قیمت ہے۔ ‘‘ آپ پیسہ بچانا چاہتے ہیں تو اس سے آپ کو فائدہ ہوسکتا ہے ۔

فائنڈ مائی آئی فون:جس کسی کو یہ یاد کرنے میں دشواری ہو کہ اس کا فون کہاں چھوٹ گیا ہے اس کے لئے یہ ایپ کارآمد ثابت ہوسکتا ہے۔ اس آئی فون ایپ کے لئے کسی مخصوص اکائونٹ کی ضرورت نہیں ہے اور انٹر نیٹ پر ایک نقشے سے یہ معلوم کیا جاسکتا ہے کہ وہ فون کہاں ہے ۔ یہ ایپ فون تلاش کرنے کے بعد فوراً ہی ایک پیغام دیتا ہے ،( فون خاموش کردیا گیا ہو تو بھی )ایک آواز سنائی دیتی ہے۔ آپ چاہیں تو فون کو لاک کردیں۔ اگر آپ کو اندیشہ ہو کہ آپ کا فون غلط ہاتھ میں پڑ گیا ہے تو آپ اسے مکمل طور پر مسخ بھی کرسکتے ہیں۔ چور ہوشیار ہوجائیں!

رَیپ سوڈی : ہر قسم کی موسیقی سننے کے لئے فراہم اس خدمت سے ۲۰۰۱ میں ترسیلی موسیقی انقلاب کا آغاز ہوا تھا ۔ یہ اب بھی اپنے موبائل فون ایپلی کیشنز کے ذریعہ استعمال کنندگان کو اپنی طرف کھینچ رہی ہے ۔ نئی اور بہتر بنائی گئی صورت میں یہ خدمت استعمال کنندہ کو اس کی اجازت دیتی ہے کہ وہ اپنے فون کی میموری میں موسیقی کو محفوظ رکھیں تاکہ موسیقی کی ترسیل کے لئے آپ کو اپنے فون کے ڈاٹا کنکشن پر انحصار نہ کرنا پڑے ۔ سین ووڈ نے اسے اپنا سب سے زیادہ چہیتا ایپ قرار دیا ہے کیوں کہ اس کے ذریعہ انہیں ہر روز اپنی ساری پسندیدہ موسیقی لے کر کام پر جانے کی سہولت حاصل ہے ۔ وہ خانساماںہیں اورانہیں کام کرتے وقت اپنے تمام پسندیدہ موسیقاروں اور گلوکاروں کی موسیقی سننے میں مزہ آتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ’’ ریڈیو پر بسا اوقات پرانے نغمات بار بارآتے ہیں اور یہ بھی ضروری نہیں کہ ہمیشہ وہی موسیقی نشر کی جائے جو مجھے پسند ہے ‘‘۔

یو ٹیوب:اس ایپ سے استعمال کنندہ کو یو ٹیوب کی آن لائن صورت میں اس کی تمام اچھائیاں دستیاب ہوتی ہیں ۔ استعمال کنندہ چاہے تو اپنے پسندیدہ لوگوں کو دیکھ بھی سکتا ہے اور دوسروں کو دکھا بھی سکتا ہے۔آپ صرف یوٹیوب کے ویڈیو دیکھ ہی نہیں سکتے بلکہ اپنے موبائل فون سے اگر آپ نے کوئی تصویر اتاری ہے تو اسے یو ٹیوب پر ڈال بھی سکتے ہیں ۔ آپ اگر کیٹی پیری کی ’’ٹین ایج ڈریم ‘‘کا میوزک ویڈیو دیکھنا چاہتے ہیں یا اگلی ’’ ٹیو لائٹ‘‘ فلم کا پریمئر دیکھنا چاہتے ہیں تو اس کا سیدھا سا طریقہ یہ ہے کہ اپنا فون نکالئے اور پلے بٹن دبادیجئے ۔

فیس بک :میں نے اب تک جس کسی سے بھی اس کے چہیتے ایپ کے بارے میں پوچھا اس کے جواب سے معلوم ہوا کہ فیس بک وقت ضائع کرنے والا سب سے زیادہ چہیتا ایپ ہے ۔ ایرک ٹورس اپنے وقفے کے وقت میں اسے استعمال کرتے ہیں یا ایسے وقت میں جب وہ خالی ہوں ۔ ان کا کہنا ہے کہ فیس بک یہ دیکھنے کا بہترین ذریعہ ہے کہ اس وقت میرے دوست احباب کیا کررہے ہیں۔ اس ایپ سے استعمال کنندہ کو آن لائن سماجی نیٹ ورک پر جڑے رہنے کا موقع ملتا ہے ، تصویریں دیکھنے کی سہولت ملتی ہے اور اسٹیٹس اپڈیٹ کرنے کی بھی سہولت حاصل رہتی ہے ۔

اسٹار واک :آپ اپنے فون کو آسمان کی طرف کریں اور یہ ایپ آپ کی ان تمام چیزوں کی نشان دہی میں مدد کرنا شروع کردے گا جو آپ دیکھ سکتے ہیں یا جو آپ نہیں دیکھ سکتے ہیں۔ ستاروں کا جھرمٹ ، سیارے اور سیارچے …حقیقی روپ میں اور زیادہ وضاحت کے ساتھ ۔ یہ ایپ استعمال کنندہ کو یہ سہولت دیتا ہے کہ وہ چاہے تو ستاروں یا ستاروں کے جھرمٹ یا سیارہ کو نقشے پر تلاش کرے اور کسی ایک چیز کو سن کر اس کے بارے میں زیادہ سے زیادہ معلومات حاصل کریں ۔ اس کا جو ٹائم لیپس فنکشن ہے وہ اس ایپ کو شاندار بناتا ہے۔ اسکرین پر وقت کا بٹن دباتے ہی آپ اس دن کی تاریخ اور وقت دیکھ سکتے ہیں۔ اور اسی کی مطابقت سے ستاروں اور سیاروں کی تصویر یںبھی ۔ اسکرول بار کو استعمال کرکے استعمال کنندہ مختلف اوقات کا احاطہ کرسکتا ہے اور جیسے جیسے وقت بدلے گا ویسے ویسے آسمان کی شبیبہ بھی بدلتی جائے گی ۔ یہ ستاروں کی ٹائم لیپس فلم جیسی کوئی چیز ہے ۔ دن اور رات کی حالت میں جائیے اور ستاروں کی پوزیشن تبدیل ہوتے دیکھ لیجئے ۔ ٹائم لیپس تصویر کشی کا ایک ایسا فن ہے جس میں کسی ایک چیز کی تصویریں مختلف اوقات میں لی جاتی ہیں اور انہیں اس طرح یکجا کیا جاتا ہے کہ ایک ہی وقت میں اس کی تمام شبیہیں وقفے وقفے سے دیکھی جاسکیں ۔

کارڈیو ٹرینر :یہ بازار میں دستیاب جسمانی چستی اور تندرستی سے تعلق رکھنے والا بہترین ایپ ہے۔ ورلڈ اسمارٹ لیبس آئی این سی کا تیار کردہ صرف اینڈرائڈپر استعمال ہونے والا یہ ایپ استعمال کنندہ کو اس کی سہولت دیتا ہے کہ وہ اپنی جسمانی چستی اور کیلوری کے استعمال کو نگاہ میں رکھ سکے۔ یہ لوگوں کو ذاتی تربیت دینے والے جون ہیرس کا چہیتا ایپ ہے جن کا کہنا ہے کہ ’’اس سے پہلے کاغذ پر ساری اطلاعات کا اندراج کرتے رہنا پڑتا تھا جو مشکل کام تھا لیکن اس کارآمد ایپ کے آجانے سے مجھے اپنی تمام ورزشوں اور خوراکوں پر ایک نگاہ دوڑا دینے کی آسانی حاصل ہوجاتی ہے اور بدلتے ہوئے وقت کے ساتھ تبدیلی کو اپنے آنکھوں سے دیکھنے کی سہولت بھی ملتی ہے ۔ میں لوگوں کو ہمیشہ اس ایپ کے بارے میں بتاتی ہوں اور میں سمجھتا ہوں کہ جو کوئی بھی چست درست رہنے کا خواہش مند ہے اس کے لئے یہ سچ مچ ایک زبردست آلہ ہے ۔‘‘

 


کیٹی لین میک وے ، سیئٹل، واشنگٹن میں مقیم ایک رائٹر ہیں ۔

تبصرہ کرنے کے ضوابط