مرکز
1 2 3

فیس بک کے ذریعے انگریزی کی تعلیم

وائس آف امریکہ اپنے مقبول ِ عام آن لائن تعلیمی پروگرام ’کلاس روم‘ کے تحت انگریزی زبان سکھانے کے لئے فیس بک کا استعمال کر رہا ہے۔

وائس آف امریکہ، نت نئے طریقوں سے اپنے نئے سامعین تک رسائی کا سلسلہ جاری رکھتا ہے۔ اب وائس آف امریکہ اپنے مقبول عام آن لائن تعلیمی پروگرام ’’کلاس روم‘‘ کے تحت انگریزی زبان سکھانے کے لئے فیس بک کا استعمال کر رہا ہے۔

یہاں اس کے طریقۂ کار پر روشنی ڈالی جارہی ہے۔ دن میں چار بار وائس آف امریکہ کے ’’لرننگ انگلش‘‘ فیس بک پیج پر تبدیل ہوتا ہوا آئیکون یہ اشارہ دیتا ہے کہ براہ راست نشر ہونے والا آن لائن پروگرام جاری ہے۔ طلبہ اپنے سوالات پیش کر کے اس بلا معاوضہ، ایک گھنٹہ طویل لِسانی درس و تدریس میں شامل ہوسکتے ہیں۔ اس پروگرام میں مواد اور اسباق ’’دی کلاس روم‘‘ سے حاصل کئے جاتے ہیں۔ ایک عام تخمینے کے مطابق اوسطاً فی ماہ ۰۰۰،۸۰،۱ افراد اس سے استفادہ کرتے ہیں۔
کلاس روم فیس بک کی ایک ٹیچر خود کو ’’انگلش ڈاکٹر‘‘ کہتی ہیں۔ ان کا کلاس جب جاری ہو تو سمجھ لیں کہ اس سے استفادہ کرنے والے نینا وینسٹائن سے سبق پڑھ رہے ہیں۔ موصوفہ نے ایک غیر ملکی زبان کی حیثیت سے انگلش پڑھانے کے موضوع پر درجنوں کتابیں تصنیف کی ہیں۔ وائس آف امریکہ فیس بک پر ایک دوسری ٹیچر ’’دی انگلش ٹریویلر‘‘ دن میں دوبار کلاس لیتی ہیں۔ علاوہ ازیں مزید اساتذہ کی تقرری کا منصوبہ بھی پیش نظر ہے۔
کلاس روم نے فیس بک پر اپنا پہلا سبق سالِ رواں کے ماہ فروری میں دیا تھا۔ یہ کوشش مقبولِ عام ہوئی اور کم و بیش ۰۰۰،۱۶ ناظرین نے پہلے ۲۴ گھنٹوں میں اس سے استفادہ کیا۔ صورت حال یہ ہے کہ ہر سبق سے ہزاروں افراد مستفید ہو رہے ہیں۔
وائس آف امریکہ فیس بک کے کئی دوستوں نے تحریر کیا ہے کہ نیا پروگرام انہیں کس قدر پسند آیا ہے۔ شائقین میں سے ایک نے لکھا ہے کہ ’’گرامر کا اتنا اچھا ٹیچر ہمیں کبھی نہیں ملا۔ آپ بہت اچھے ہیں۔‘‘
وائس آف امریکہ کے ڈائر کٹر ڈینفورتھ ڈبلیو آسٹن کے بقول ’’زبان سکھانے کے لئے فیس بک کا استعمال وائس آف امریکہ کے قائدانہ رول کی ایک اور درخشاں مثال ہے کہ اس نے مشترکہ مفادات کے حصول کے لئے لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں سماجی میڈیا کا استعمال کس خوبی سے کیا ہے۔ حقیقت تو یہ ہے کہ وائس آف امریکہ، جدید ترین آن لائن پلیٹ فارموں کے استعمال میں قائدانہ کردار اداکر رہا ہے۔‘‘ 
آپ www.voanews.com/theclassroom کے ذریعے فیس بک کلاس میں براہِ راست پہونچ سکتے ہیں۔
وائس آف امریکہ کے مدیروں کو فیس بک پر انگلش پڑھانے کا خیال اس وقت آیا جب انھوں نے محسوس کیا کہ وائس آف امریکہ کے ’’لرننگ انگلش فیس بک‘‘ کے ۰۰۰،۷۳ سے زیادہ شیدائیوں کی جانب سے سینکڑوں سوال پوچھے جارہے ہیں۔ یہ سوالات عموماً گرامر، تلفظ، کسی لفظ کو بڑے حرف سے شروع کرنے اور انگلش زبان کے استعمال سے متعلق قاعدوں سے متعلق تھے۔ فیس بک کے اسباق کے علاوہ کلاس روم کے پاس ایک جدید بزنس ورڈبک بھی ہے جس میں سینکڑوں کاروباری اصطلاحیں، تصویریں اور گفتگو کے نمونے دئے گئے ہیں تاکہ اسے استعمال کرنے والے امریکی کاروباری انگلش سیکھ سکیں۔
کلاس روم کے ایکٹی وٹیز ٹیب کے تحت جدید ’’انگلش سروائیول‘‘ مشقیں دی گئی ہیں جن میں، مثال کے طور پر یہ بتایا گیا ہے کہ ناشتے کا آرڈرکس طرح دیں یا رقم کس طرح گنیں۔ اسی طرز کی ایک انٹریکٹیو ہیلتھ ورڈ بک کا منصوبہ بھی زیر غور ہے جس میں صحت، تندرستی اور خیرو عافیت سے متعلق گفتگو کے نمونے، تصویریں اور تعریفیں ہوں گی۔
 
(بہ شکریہ وائس آف امریکہ)
 

تبصرہ کرنے کے ضوابط